ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: سلسلہ وار چوری کی وارداتیں۔ایک ہی گھر سے7.8لاکھ کے زیورات اورنقدی اڑالئے گئے

منگلورو: سلسلہ وار چوری کی وارداتیں۔ایک ہی گھر سے7.8لاکھ کے زیورات اورنقدی اڑالئے گئے

Thu, 28 Dec 2017 20:17:07    S.O. News Service

منگلورو28؍دسمبر (ایس او نیوز)منگلورو میں چوروں نے یکے بعد دیگرے تین گھروں کے دروازے اور الماریوں کو توڑ کر  لوٹ مچانے کی کوشش کی، البتہ بس ایک ہی گھر میں ان کی قسمت نے ساتھ دیا اور وہ وہاں سے7.8لاکھ کے زیورات اورنقدی اڑالے جانے میں کامیاب ہوگئے جبکہ بقیہ دوگھروں سے انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق شہر کے کلپانے علاقے میں فیلومینا ڈی سلوا نامی خاتوں دوپہر کو اپنے گھر میں قفل لگاکر رشتے دار کے یہاں شادی میں شرکت کے لئے چلی گئیں۔ لیکن نصف شب کو جب وہ واپس لوٹیں تو دیکھا کہ ان کے گھر کا داخلی دروازہ توڑ دیا گیا ہے۔ اندر موجود الماریوں کے تالے بھی توڑ کر 30ہزار روپے نقد اور تقریبا 7.5لاکھ روپے مالیت کے زیورات پر چوروں نے ہاتھ صاف کیا ہے۔ فیلومینا کی شکایت پر کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ۔

اسی علاقے میں موجود جوائے پریرا کے گھر میں بھی داخلی دروازہ توڑ کر چوراندر گھس گئے اورالماریوں کے تالے توڑ کر تلاشی لی ، مگر وہاں سے انہیں کوئی بھی قیمتی چیز ہاتھ نہیں لگی۔ کہتے ہیں کہ اس گھر کے مالکین شمالی ہندوستان میں مقیم ہیں اس لئے لوسی لوبو نامی خاتون اس گھر کی دیکھ بھال کرتی ہے۔ اس کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کیا ہے۔ اسی طرح جی ایم فرنانڈیز کے گھر میں بھی چوروں نے تالا توڑ کر لوٹ کی واردات انجام دینے کی ناکام کوشش کی ۔اس گھر کے مالکان بھی ممبئی میں مقیم ہیں اس لیے اس گھر کی نگرانی ایس نروہاکے ذمہ ہے۔ چوری کی ناکام کوشش کا پتہ دوسرے دن صبح میں چلا تو اس نے بھی پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔ 

تینوں معاملات درج کرلینے کے ساتھ کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن کے افسران اور عملے نے تحقیقات شروع کردی ہے اس تعلق سے فنگر پرنٹس ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کا بھی تعاون لیا جارہا ہے۔


Share: